بیجنگ،10اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)چین کے صدر شی ژنفنگ اس ہفتے ہندوستان کے دورے پر آئیں گے. اس دوران وہ کمبوڈیا اور بنگلہ دیش بھی جائیں گے۔ ہندوستان میں وہ گوا میں ہونے والی برکس کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق 13 سے 17 اکتوبر کے اس دورے میں شی سب سے پہلے کمبوڈیا جائیں گے، اس کے بعد بنگلہ دیش جائیں گے اور آخر میں برکس کانفرنس میں حصہ لینے کے لئے گوا پہنچیں گے۔گوا میں شی کی ملاقات وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کچھ دیگر رہنماؤں سے بھی ہوگی جس بمسٹیک: بنگلہ دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا، میانمار اور تھائی لینڈ: کے سربراہ بھی شامل ہیں. ان تمام کوگوا کانفرنس کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔اجلاس میں برکس: برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی افریقہ: اور کثیر علاقائی تکنیکی اور اقتصادی تعاون کیلئے خلیج بنگال پہل(بمسٹیک) ممالک کے 11 سربراہ شامل ہوں گے۔حکام کے مطابق برکس کانفرنس 15 اکتوبر سے شروع ہو جائے گی اور اگلے دن اس کا اختتام ہوگا جس میں بمسٹیک ملک شرکت کریں گے۔شی کا بنگلہ دیش کا دورہ اس لیے اہم ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان اس سطح کا پچھلا دورہ 30 سال پہلے سال 1986 میں ہوا تھا۔چین کے نائب وزیر خارجہ لی باودوگ نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کئے جائیں گے۔نیپال کے سربراہ کمل دہل عرف پرچنڈ شی سے برکس کانفرنس سے الگ ملاقات کریں گے۔شی کا نیپال کا گزشتہ دورہ منسوخ ہو گیا تھا کیونکہ چین نیپال کی نئی حکومت کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ بہتر بنانے کے لئے کئے گئے معاہدوں کے نفاذ میں تاخیر کی وجہ سے ناراض تھا۔